صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق مختلف علاقوں میں درخت اور دیواریں گرنے کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گزشتہ روز آنے والی آندھی اور طوفانی ہواؤں نے قیمتی انسانی جانیں نگل لیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق مختلف علاقوں میں درخت اور دیواریں گرنے کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہو گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ اور دو مرد شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 8 مرد، 3 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔ ضلع نوشہرہ میں سب سے زیادہ چھ افراد زخمی ہوئے، جبکہ پشاور اور مردان میں 2،2 اور خیبر میں ایک فرد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
طوفانی ہواؤں کے باعث صوبے میں 3 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا، جن میں پشاور، مردان اور چارسدہ میں واقع ایک ایک گھر شامل ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں مزید بارشوں اور گرد آلود ہواؤں کا امکان ہے۔ متاثرہ اضلاع میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، چترال، سوات، دیر، شانگلہ، باجوڑ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان، بٹگرام، خیبر، کرم، ڈی آئی خان، شمالی و جنوبی وزیرستان، بنوں اور کوہاٹ شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے، جبکہ ڈی آئی خان میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب، سب سے کم درجہ حرارت کالام اور دیر میں 13 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پشاور میں کم از کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
پی ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، موسمی اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔





