اسلام آباد: وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ ملک میں اگر کوئی بڑا آپریشن ہوتا ہے تو تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری ہیں اور بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو حالیہ جنگ میں منہ کی کھانا پڑی اور وہ ہندوتوا ایجنڈے کے تحت پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔ کشمیر اور سندھ طاس کے معاملے پر پاکستان کی پوزیشن بالکل واضح ہے۔
بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اس وقت سیاسی جماعتوں سے بات چیت میں دلچسپی نہیں رکھتی، ان کے بانی اور قیادت اپنے ہی مؤقف پر غیر واضح ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقتدر حلقے واضح کر چکے ہیں کہ سیاسی معاملات میں انہیں شامل نہ کیا جائے، لہٰذا بانی پی ٹی آئی کو سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کرنا ہوں گے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ اگر تحریک انصاف واقعی مذاکرات چاہتی ہے تو وہ اسپیکر قومی اسمبلی کے دفتر کو باضابطہ طور پر آگاہ کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے جبکہ تحریک انصاف خود کو دلدل میں دھکیل رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ہارورڈ یونیورسٹی پر بین الاقوامی طلبہ کے داخلے کی پابندی عارضی طور پر ختم
پولی گرافک ٹیسٹ سے متعلق سوال پر بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ جس کے دل میں چور نہ ہو وہ پولی گرافک ٹیسٹ کروا لیتا ہے، لیکن عمران خان اس سے گریز کر رہے ہیں۔





