پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کا کہنا ہےکہ اب لوگوں کو اسلام آباد نہیں بلاؤں گا بلکہ پورے پاکستان میں تحریک چلائیں گے۔
پیر کو بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے سابق وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کے بعداڈیالہ جیل کے باہر اپنی 2 بہنوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ پارٹی کی جانب سے پورے ملک میں احتجاجی تحریک چلائی جائے گی جبکہ بانی پی ٹی آئی نے واضح پیغام دیا ہے کہ کسی کو اسلام آباد نہیں بلاؤں گا کیونکہ یہاں اسنائپرز بٹھائے جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ عمران خان نے کہا کہ عام قیدی کے جو حقوق ہیں وہ بھی انہیں نہیں دیے جارہے، 8 مہینوں میں صرف ایک بار بچوں سے بات کرائی گئی، میری بہنوں سے ملاقات نہیں کراتے۔
علیمہ خان نے کہا کہ ہم بہنیں اپنے بھائی کو کتابیں پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن جیل انتظامیہ کتابیں روک لیتی ہیں بانی کے ذاتی ڈاکٹرز سے چیک اَپ نہیں کرایا جارہا، توہین عدالت کی درخواستوں پر ججز کا حکم نہیں مانتے، عمران خان نے ییغام دیا ہے کہ جو بھی فرعونیت یا یزدیت کا نظام ہے جو بھی ٹارچر کرلیں میں غلامی تسلیم نہیں کروں گا۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کو مجھ پر دباؤ ڈالنے کے لیے جیل میں رکھا گیا، بے شک ساری زندگی جیل میں بھی رکھ لیں نہیں جھکوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوٹیوبر کہتے ہیں عمران خان باہر نکلنے والے ہیں، ڈیل ہوگی، امریکن آگئے، اب سمجھ آرہی ہے کہ عوام کا ٹیمپریچر ٹھنڈا رکھنے کے لیے ایسے وی لاگ بنائے جاتے ہیں۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے پارٹی کے لیے پیغام بھیجا ہے کہ یہ نظریے کی جماعت ہے بانی کے علاوہ بہت سے نوجوان جیل کاٹ رہے ہیں یہ الیکٹیبلز کی پارٹی نہیں ہے، ہمیں نظریے کا ووٹ ملا ہے، میں نے سب پر نظر رکھی ہوئی ہے جو بھی اس نظریے کے ساتھ نہیں ہے ان کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہے، جو ووکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں ان کی بھی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے ایک موقع پر غصہ میں کہا کہ وقت بدل چکا ہے، اب ججز کا حال دیکھیں القادر کا کیس 3 مہینے سے نہیں لگ رہا، 9 مئی اور دیگر ضمانتوں کے کیس بھی ہیں، ججز نے زبان دی کہ کیس لگا دیں گے لیکن انہوں نے نہیں لگائے، عمران خان نے واضح کر دیا ہے کہ پارٹی تیاری کرے بڑی تحریک کی، لوگوں کو اسلام آباد نہیں بلاؤں گا، پورے پاکستان میں تحریک چلائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں :شمالی وزیرستان: مذاکرات کامیاب ہونے پر میرعلی دھرنا ختم
علیمہ خان نے مزید کہا کہ ہم فیملی کے لوگ کل ہائیکورٹ جائیں گے ہم کہہ رہے ہیں کہ ججز کو سپورٹ کریں گے، کل تمام ایم این ایز اور اراکین پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچیں گے اور ججز کو سپورٹ کریں گے۔





