خیبر پختونخوا میں بارش اور آندھی سے ہونیوالے نقصانات کی رپورٹ جاری

خیبر پختونخوا میں بارش اور آندھی سے ہونیوالے نقصانات کی رپورٹ جاری

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں حالیہ بارش اور آندھی سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک مرد اور دو خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں تین مرد، ایک خاتون اور تین بچے شامل ہیں۔ متاثرہ افراد کا تعلق صوابی، پشاور، شانگلہ، سوات اور ہری پور سے ہے، جہاں بارش اور تیز آندھی نے نظامِ زندگی کو متاثر کیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 9 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے، تاہم ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر متاثرہ خاندانوں کو امداد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے بند شاہراہوں کو فوری طور پر کھولنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا ہے تاکہ نقل و حرکت میں آسانی ہو اور امدادی سرگرمیاں بروقت مکمل کی جا سکیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 31 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

Scroll to Top