پشاور: سیرینا ہوٹل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) عزیز بولانی نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی، جس میں خواتین کو بااختیار بنانے، نوجوانوں کی قومی ترقی میں شمولیت اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے معاشرتی ہم آہنگی اور ترقی کے لیے سیرینا ہوٹل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے خواتین اور نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ثقافتی سرگرمیاں قومی یکجہتی کو فروغ دیتی ہیں اور اس میں نجی و سرکاری اداروں کا کردار قابل تعریف ہے۔
ملاقات میں گورنر ہاؤس میں مذہب، رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر تقریبات کے انعقاد اور ثقافتی تنوع کو اجاگر کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔ گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کا ثقافتی تنوع اور بین المذاہب ہم آہنگی ہے، جسے فروغ دینے کے لیے تمام دستیاب فورمز کو استعمال کیا جانا چاہیے۔
اس موقع پر عزیز بولانی نے گورنر کو سیرینا ہوٹل کی جانب سے جاری سماجی اور ثقافتی منصوبوں سے آگاہ کیا اور آئندہ مشترکہ تقریبات اور پروگرامز میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں مختلف محکموں کے اعلی افسران کے تبادلے
ملاقات کے اختتام پر عزیز بولانی نے گورنر ہاؤس کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا، جہاں گورنر خیبرپختونخوا نے انہیں خصوصی سووینئر پیش کیا۔