وزیراعلیٰ نے جرگے میں خیبرپختونخوا کا مؤقف کامیابی سے پیش کیا، بیرسٹر سیف

وزیراعلیٰ نے جرگے میں خیبرپختونخوا کا مؤقف کامیابی سے پیش کیا، بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے جرگے میں خیبرپختونخوا کے حقوق کا مقدمہ کامیابی سے لڑا اور وفاقی قیادت کو صوبے کے مالی مسائل اور فنڈز کی منتقلی سے آگاہ کیا۔

اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کی ترقی میں مسلسل تاخیر ان کے حقوق کے منافی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وفاق نے غیرقانونی طور پر ان اضلاع کے ترقیاتی فنڈز روک رکھے ہیں، حالانکہ یہ علاقے باقاعدہ طور پر خیبرپختونخوا کا حصہ بن چکے ہیں۔

مشیر اطلاعات نے زور دیا کہ ضم اضلاع کی محرومیوں کا ازالہ وفاق اور صوبے دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور ان علاقوں کی ترقی دہشت گردی کے مستقل خاتمے کی ضمانت ہے۔ ان کے بقول، یہ صرف خیبرپختونخوا کا نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے وفاق سے بجلی کے خالص منافع کے بقایا جات فوری ادا کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ وفاقی حکومت کو اہم قومی امور پر سیاست سے گریز کرنا چاہیے۔ ایک صوبے کو ترقی سے محروم رکھنا نہ صرف ناانصافی ہے بلکہ وفاق کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

بیرسٹر سیف نے اس امید کا اظہار کیا کہ وفاق اب مزید تاخیر کے بجائے ضم شدہ اضلاع کے فنڈز جلد از جلد صوبے کو منتقل کرے گا تاکہ ترقیاتی منصوبے بلاتعطل جاری رکھے جا سکیں۔

Scroll to Top