ن لیگ کے سینئر رہنما کی پی ٹی آئی میں شمولیت ؟ بیرسٹر گوہر کاردعمل سامنے آگیا

ن لیگ کے سینئر رہنما کی پی ٹی آئی میں شمولیت ؟ بیرسٹر گوہر کاردعمل سامنے آگیا

ن لیگ کے سابق سینئر رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر کی پی ٹی آئی میں ممکنہ شمولیت کے حوالے سے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق محمد زبیر، جو مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے قریبی ساتھی اور ترجمان بھی رہ چکے ہیں، ان دنوں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے لیے متحرک ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے پی ٹی آئی پیٹرن ان چیف عمران خان سے مشاورت مکمل ہو چکی ہے اور عید کے بعد محمد زبیر کی باضابطہ شمولیت کا امکان ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جب صحافی نے بیرسٹر گوہر سے محمد زبیر کی پی ٹی آئی میں ممکنہ شمولیت کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ’’پاکستان تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے، ہمارے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ پارٹی میں شمولیت کے معاملات قیادت کی مشاورت اور اصولوں کی بنیاد پر طے کیے جاتے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی کے قانونی معاملات پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ سزاؤں کی معطلی کا کیس پہلی بار اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر ہوا ہے، جس میں پراسیکیوشن کی ٹیم بھی پیش ہو گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عید سے قبل کیس میں مثبت پیش رفت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی رہائی 70 اور 51 دن بعد ممکن ہوئی تھی، جبکہ پی ٹی آئی کے بانی کے کیس کی سماعت 17 جنوری کے بعد سے التوا کا شکار ہے۔

’’انصاف صرف ہونا نہیں چاہیے بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے،‘‘ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا۔محمد زبیر کی ممکنہ شمولیت کو سیاسی حلقے مسلم لیگ (ن) کے لیے ایک بڑا جھٹکا اور پی ٹی آئی کے لیے ایک اہم سیاسی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔ اگر ان کی شمولیت عمل میں آتی ہے تو یہ سیاسی منظرنامے پر ایک نئی صف بندی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔

Scroll to Top