گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سابق وفاقی وزیر سینیٹر عباس آفریدی کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے مرحوم کے والد سینیٹر شمیم آفریدی، بھائی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات امجد آفریدی سمیت دیگر لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم سب سوگوار خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ مرحوم عباس آفریدی کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
سابق وفاقی وزیر سینیٹر عباس آفریدی گزشتہ روز اپنے حجرے میں ہونے والے گیس لیکج دھماکے میں شدید زخمی ہو گئے تھے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں چل بسے، دھماکے میں ان کے ساتھی بھی زخمی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق سینٹیر عباس خان آفریدی انتقال کر گئے
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اعلیٰ حکام سے دھماکے کی نوعیت اور پس منظر کے حوالے سے فوری رپورٹ طلب کی اور واقعے کی شفاف تحقیقات کی ہدایت جاری کی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ واقعے کی تحقیقات میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔





