کوہاٹ میں مسلم لیگ (ن) کے سابق وفاقی وزیر اور سینیٹر عباس آفریدی گیس لیکج دھماکے میں زخمی ہونے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے کھارہاں کے برن ہسپتال میں انتقال کر گئے۔
عباس آفریدی گزشتہ شام کوہاٹ کے علاقے عظیم باغ میں واقع اپنے حجرے میں موجود تھے، وہ اپنے تین ساتھیوں دلنواز، جاوید آفریدی اور ندیم کے ہمراہ بیٹھے ہوئے تھے اس دوران اچانک گیس لیکج کے باعث دھماکا ہوا، جس میں وہ اور ان کے ساتھی شدید زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر کھارہاں کے برن ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم عباس آفریدی دوران علاج دم توڑ گئے دیگر زخمیوں کا علاج تاحال جاری ہے۔
مرحوم سینٹیر عباس آفریدی کی نماز جنازہ آج شام پانچ بجے بابری بانڈہ میں ادا کی جائے گی۔
سابق وفاقی وزیر اور سینیٹر عباس خان آفریدی کوہاٹ سے تعلق رکھتے تھے، وہ 2009 میں آزاد امیدوار کے طور پر سینیٹ میں منتخب ہوئے اور 2014 میں مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: ایبٹ آباد کے قلندر آباد بازار میں آگ بھڑک اٹھی، سات دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں
مرحوم عباس آفریدی نے 2014-15 میں وفاقی وزارتِ ٹیکسٹائل بھی سنبھالی اور 2018 و 2024 کے انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-32 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رہے، مگر کامیاب نہ ہو سکے۔





