بجٹ میں کیا مہنگا ہوگا ؟ کیا ہوگا سستا ؟ کس کو ریلیف ملے گا ؟ تفصیلات سامنے آگئیں

بجٹ میں کیا مہنگا ہوگا ؟ کیا ہوگا سستا ؟ کس کو ریلیف ملے گا ؟ تفصیلات سامنے آگئیں

آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں متعدد اشیاء مہنگی اور کچھ سستی ہونے کا امکان ہے۔ بجٹ تجاویز کے مطابق جہاں روزمرہ استعمال کی کئی اشیاء پر ٹیکسوں میں اضافہ متوقع ہے، وہیں سگریٹ اور مشروبات پر ٹیکس کم کر کے قیمتوں میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

نجی ٹی وی چینل (سما) کے مطابق 850 سی سی تک کی مقامی مینوفیکچرڈ گاڑیوں پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کی شرح ساڑھے 12 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کیے جانے کی تجویز ہے، جس کے بعد گاڑیاں مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

بیکری اشیاء، کھاد اور کیڑے مار دوائیں بھی زد میں
آئی ایم ایف کے دباؤ پر حکومت بیکری آئٹمز، کھاد اور کیڑے مار ادویات پر بھی ٹیکس عائد کرنے پر غور کر رہی ہے، جس سے ان اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے ان تینوں شعبوں پر ٹیکس عائد کرنے پر زور دیا ہے۔

پراپرٹی پر ایف ای ڈی ختم، کیپٹل گین ٹیکس میں اضافہ زیر غور
بجٹ میں پراپرٹی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (FED) ختم کرنے جبکہ کیپٹل گین ٹیکس کی شرح بڑھانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ اس اقدام سے جائیداد کی خریدو فروخت پر ٹیکس ڈھانچہ تبدیل ہونے کا امکان ہے۔

سگریٹ اور مشروبات ممکنہ طور پر سستے
حیران کن طور پر بجٹ میں سگریٹ اور مشروبات پر ٹیکس کم کیے جانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے ہر سال سگریٹ پر ٹیکس بڑھانے کی روایت ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت ان اشیاء کی قیمتوں میں کمی آ سکتی ہے۔

ڈیجیٹل کمائی پر نظر: فری لانسرز اور سوشل میڈیا سے کمانے والے ٹیکس نیٹ میں
حکومت نے سوشل میڈیا اور فری لانسنگ سے ڈالر کمانے والوں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ بجٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے آمدن حاصل کرنے والوں پر اضافی ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

سابق فاٹا کو حاصل ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز
سابق فاٹا ریجن کو حاصل ٹیکس چھوٹ ختم کرنے اور وہاں 12 فیصد ٹیکس لاگو کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جس سے ان علاقوں میں کاروبار پر مالی دباؤ بڑھ سکتا ہے۔

Scroll to Top