اسرائیل سخت سزا کیلئے تیار رہے، ایرانی سپریم لیڈر کا سخت ردعمل

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیل کی حالیہ فضائی کارروائیوں کو سنگین جرم قرار دیتے ہوئے سخت فوجی ردعمل کی وارننگ دے دی ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ نے کہا ہے اسرائیل نے ہماری ریاست کے خلاف گھناؤنا جرم کیا اب صہیونی حکومت کو سخت سزا کیلئے تیار رہنا چاہیے۔

سپریم لیڈر کا بیان اسرائیلی فضائی حملوں کے چند گھنٹوں بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسرائیل نے جان بوجھ کر ایرانی رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا جس سے اس کی خبیث اور خونریز فطرت عیاں ہو گئی ہے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج ان حملوں کا بھرپور اور فوری جواب دیں گی، انہوں نے کہا اسلامی جمہوریہ کی طاقتور مسلح افواج صہیونی حکومت کو اس جرم پر سزا دیے بغیر نہیں چھوڑیں گی۔

ایرانی سپریم لیڈر نے اس بات کی تصدیق کی کہ اسرائیلی حملوں میں ایران کے متعدد اعلیٰ فوجی کمانڈر اور جوہری سائنسدان جاں بحق ہوئے ہیں تاہم ان کے جانشینوں نے فوری طور پر ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

اسرائیل نے آپریشن رائزنگ لائن کے نام سے ایران کے اندر کئی اہم اہداف کو نشانہ بنایا جن میں نطنز کا حساس جوہری مرکز اور دیگر اسٹریٹجک تنصیبات شامل ہیں۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق حملوں میں پاسدارانِ انقلاب کے اعلیٰ افسران اور جوہری ادارے کے عملے کے افراد جاں بحق ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کے ایران پر فضائی حملے، پاسداران انقلاب کے سربراہ حسین سلامی شہید ہوگئے

ایران نے حملوں کے بعد اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں اور واضح اشارہ دیا ہے کہ فوجی جوابی کارروائی کسی بھی وقت کی جا سکتی ہے۔

Scroll to Top