واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی شہریوں کو دارالحکومت تہران فوری طور پر خالی کرنے کی وارننگ جاری کر دی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ٹرمپ نے ایران پر ایک بار پھر نیوکلیئر ڈیل پر دستخط نہ کرنے پر تنقید کی اور کہا کہ انہوں نے متعدد بار ایران کو کہا کہ معاہدے پر دستخط کرے، لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا، یہ شرم کی بات ہے کہ انسانی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے، ایران کسی صورت نیوکلیئر ہتھیار حاصل نہیں کرسکتا۔انہوں نے واضح طور پر ایرانی شہریوں کو متنبہ کیا کہ ہر شخص تہران کو خالی کر دے، جسے ایک سنگین دھمکی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ادھر کینیڈا میں جاری جی-7 سمٹ کے موقع پر برطانوی وزیراعظم سے ملاقات کے دوران بھی امریکی صدر نے ایران پر دباؤ بڑھاتے ہوئے کہا کہ ایران کو جوہری معاہدے پر دستخط کرنے چاہئیں۔ انہوں نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ ایران بالآخر ایٹمی ڈیل پر راضی ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کا اسرائیل پر ایک اور حملہ، تل ابیب اور حیفہ پر میزائل اور ڈرونز داغ دیے
امریکی صدر کے ان بیانات سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں، جبکہ عالمی برداری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔