امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کو اعزاز قرار دے دیا

واشنگٹن: چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات ہوئی، جو خوشگوار ماحول میں دو گھنٹے تک جاری رہی۔

ملاقات خطے کی موجودہ صورت حال، پاک-امریکہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر محیط تھی۔

صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا اور ان کی پاکستان سے وابستگی، قیام امن کے عزم اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔

امریکی صدر نے خصوصی طور پر انڈیا کے ساتھ ممکنہ جنگ کے خاتمے میں کردار ادا کرنے پر فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں ایران-اسرائیل کشیدگی اور اس کے خطے پر ممکنہ اثرات بھی زیرِ بحث آئے۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان شاید ایران کو بہتر سمجھتا ہے، جس پر دونوں فریقین نے سفارتی ہم آہنگی پر زور دیا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ، پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر غور کر رہا ہے، اور دوطرفہ اقتصادی تعاون بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ ملاقات میں دفاعی تعاون، سیکیورٹی امور، اور دیگر اہم معاملات پر بھی بات چیت ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جنگ روکنے پر شکریہ ادا کرنے کے لیے مدعو کیا تھا، امریکی صدر ٹرمپ

فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنے سرکاری دورہ امریکہ کے دوران مزید اہم ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں اعلیٰ امریکی حکام اور پالیسی سازوں کے ساتھ مشاورت شامل ہے۔

Scroll to Top