محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسم شدید گرم رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پشاور سمیت کئی علاقوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے، جس سے موسم مزید شدید ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب(این ڈی ایم اے) نے بھی 22 جون تک ملک کے مختلف حصوں میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی پنجاب، سندھ، مشرقی بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
مزید یہ کہ محکمہ موسمیات نے رواں برس مون سون کی بارشوں کے معمول سے 25 فیصد زیادہ ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی تیاری کی ہدایات دی گئی ہیں۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کریں، بزرگ افراد، بچے اور مریض زیادہ محتاط رہیں، اور جہاں تک ممکن ہو، دن کے گرم ترین اوقات میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔





