ایران سے واپسی کا سلسلہ جاری،5 ہزار پاکستانی زمینی راستے سے وطن واپس آ گئے

ایران سے واپسی کا سلسلہ جاری،5 ہزار پاکستانی زمینی راستے سے وطن واپس آ گئے

ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر ایران میں موجود پاکستانی زائرین اور طلبہ کی وطن واپسی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، اب تک 5 ہزار سے زائد پاکستانی زمینی راستے سے پاکستان واپس پہنچ چکے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز )کے مطابق، تفتان بارڈر کے ذریعے آج مزید 500 سے زائد پاکستانی وطن واپس پہنچے، جب کہ ریمدان گند بارڈر سے 200 سے زائد طلبا و طالبات نے پاکستان میں داخل ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز سے تاحال 1,450 سے زائد پاکستانیوں کو تفتان سرحد پر خوش آمدید کہا گیا، جنہیں مکمل سیکیورٹی اور سہولیات کے بعد گھروں کو روانہ کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح ریمدان گند بارڈر (گوادر) پر بھی شہریوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں آج مزید 200 سے زائد زائرین اور طلبا پاکستان پہنچے۔

انتظامیہ کے مطابق سرحدی علاقوں پر ایمرجنسی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں اور وطن واپس آنے والوں کو رہائش، خوراک، طبی امداد اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ آج شام تک مزید زائرین اور سیاحوں کی آمد متوقع ہے اور اس ضمن میں سرحدی عملے کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ ہر پاکستانی کو محفوظ اور باعزت طریقے سے وطن واپس لایا جا سکے۔

Scroll to Top