اسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی اپگریڈیشن کے منصوبے کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔
اس حوالے سے افتتاحی اجلاس (پراجیکٹ لانچنگ میٹنگ) اسکردو کے ایک مقامی ریزورٹ میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA)، مقامی حکومت، عسکری نمائندوں اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق، سوئٹزرلینڈ کی معروف کمپنی “انٹرپلین” اور اس کے مقامی پارٹنرز نے منصوبے سے متعلق اپنی حکمت عملی پیش کی۔ اپگریڈیشن ڈیزائن کنسلٹنسی کی لاگت 180 ملین روپے مقرر کی گئی ہے۔
میٹنگ میں پی اے اے کے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، ایڈیشنل ڈائریکٹر پراجیکٹ مانیٹرنگ، پراجیکٹ ڈائریکٹر، اور ایئرپورٹ مینیجر سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے بتایا کہ جیسے ہی ڈیزائن اور پی سی-ون مکمل ہو گا، منصوبے کی تعمیر کا عمل ایک سال کے اندر شروع کر دیا جائے گا۔
تمام اسٹیک ہولڈرز نے منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ شرکاء نے سکردو کو بین الاقوامی سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے پی اے اے کی کوششوں کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں :پشاور ،مردان اور صوابی میں مجوزہ اساتذہ بھرتی ٹیسٹ خراب موسم کے باعث ملتوی
اجلاس میں یہ امید بھی ظاہر کی گئی کہ سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ مستقبل میں خطے کی تجارت اور سیاحت کے لیے ایک اہم گیٹ وے ثابت ہو گا، جو علاقائی معیشت کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔





