خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں زمین تنازع پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔ واقعہ تھانہ کینٹ کی حدود میں واقع خدری ممند خیل کے علاقے میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں دو مخالف خاندانوں کے درمیان زمین کی ملکیت پر جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جو مسلح تصادم میں تبدیل ہو گیا۔ دونوں جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ تین زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ علاقے میں کشیدگی برقرار ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملوث افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے اور جلد گرفتاریوں کے لیے کارروائی کی جائے گی۔





