پاکستان نے امریکی صدر ٹرمپ کو نوبیل امن انعام دینے کی سفارش کا خط بھیج دیا

پاکستان نے امریکی صدر ٹرمپ کو نوبیل امن انعام دینے کی سفارش کا خط بھیج دیا

حکومت پاکستان نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام 2026 کے لیے نامزد کرنے کی باضابطہ سفارش کر دی ہے۔ اس سلسلے میں ایک خط ناروے کی نوبیل کمیٹی کو ارسال کیا گیا ہے، جس پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دستخط موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ سفارش پاک-بھارت کشیدگی میں صدر ٹرمپ کے کردار اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں ان کی کوششوں کو تسلیم کرتے ہوئے کی گئی ہے۔ خط میں صدر ٹرمپ کی سفارتی مداخلت کو ’’فیصلہ کن اور امن قائم کرنے والا اقدام‘‘ قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں ایک بار پھر خطے میں کشیدگی بڑھنے کے خطرات تھے، تاہم سفارتی ذرائع کے مطابق امریکہ کی مداخلت نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

حکومت پاکستان کی جانب سے یہ اقدام بین الاقوامی سطح پر امن کے فروغ اور سفارت کاری کے مثبت کردار کو تسلیم کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

نوبیل کمیٹی کو ارسال کردہ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صدارت کے دوران جنوبی ایشیا میں قیام امن کے لیے متعدد اقدامات کیے، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش بھی شامل ہے۔

Scroll to Top