خیبرپختونخوا میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی گئی

خیبرپختونخوا میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی گئی

خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں، آندھی، آسمانی بجلی اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مختلف حادثات میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 5 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری ابتدائی رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 20 جون سے جاری ہے جس کے دوران مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات میں جان بحق ہونے والوں میں 3 مرد، 1 خاتون اور 2 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 3 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تیز بارش اور آندھی کے نتیجے میں مجموعی طور پر 7 گھروں کو نقصان پہنچا جن میں 5 مکانات جزوی طور پر اور 2 مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات مانسہرہ، بونیر، دیر لوئر و اپر، ملاکنڈ، اور کوہستان کولائی پالس میں پیش آئے۔

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: موسم بدلنے لگا،پری مون سون سیزن شروع، محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنا دی

ادھر پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ 23 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو پہلے ہی الرٹ رہنے اور ضروری پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے مراسلہ جاری کیا جا چکا ہے۔

Scroll to Top