محکمہ موسمیات نے 25 سے 29 جون کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے۔ اس دوران ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ اور باجوڑ میں ہلکی سے درمیانی جبکہ دیر، ملاکنڈ، بونیر، شانگلہ اور کوہستان میں شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں مون سون ہواؤں کے باعث مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ آج بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ خیبرپختونخوا کے بعض مقامات پر گرمی اور حبس کی کیفیت برقرار رہنے کی توقع ہے۔
ماہرین موسمیات نے دیر، سوات، ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بھی بارش کے امکانات ظاہر کیے ہیں، جس سے درجہ حرارت میں معمولی کمی کا امکان ہے۔
عوام الناس کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید بارشوں کے دوران ندی نالوں سے دور رہیں اور مقامی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔





