فلک سر پر سید علی شاہ کی ڈیڈ باڈی ریکوری آپریشن میں اہم پیش رفت، ریسکیو ٹیم کیمپ ون پہنچ گئی

Pakistan SCO Summit 2026

شہزاد نوید

سوات: بحرین کے علاقے فلک سر پہاڑ پر معروف کوہ پیما سید علی شاہ کی ڈیڈ باڈی ریکوری کے لیے جاری آپریشن میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، ریسکیو ٹیم رات کے دوران کیمپ ون پہنچ گئی ہے اور اب کیمپ ٹو کی جانب پیش قدمی شروع کردی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ریسکیو ٹیم اور بیس کیمپ کے درمیان واکی ٹاکی ڈیوائسز کے ذریعے مسلسل رابطہ برقرار ہے۔ حکام کے مطابق ریسکیو ٹیم نے کچھ دیر قبل کیمپ ون سے کیمپ ٹو کی جانب سفر کا آغاز کیا ہے۔

انتہائی خراب موسمی حالات، شدید سردی اور دشوار گزار پہاڑی راستوں کے باعث ریکوری آپریشن کو انتہائی مشکل مرحلے کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق کیمپ ون سے کیمپ ٹو تک کا راستہ انتہائی خطرناک ہے اور پہاڑ کے بعض حصوں کا زاویہ تقریباً 80 ڈگری تک ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر موسم سازگار رہا اور ریسکیو ٹیم اسی عزم کے ساتھ پیش قدمی جاری رکھنے میں کامیاب رہی تو امکان ہے کہ ٹیم کل صبح تک کیمپ ٹو پہنچ جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں سی این جی اسٹیشنز کی گیس سپلائی معطل کرنے کا فیصلہ

یاد رہے کہ خراب موسم اور تیز بارش کے باعث ریسکیو آپریشن گزشتہ روز عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔ تاہم آج صبح چار رکنی ریسکیو ٹیم نے بیس کیمپ سے کیمپ ون کی جانب دوبارہ سفر شروع کیا تھا۔

ریسکیو آپریشن کی قیادت چاگوری کلب کے سینئر کوہ پیما فدا محمد کر رہے ہیں۔ ٹیم میں چاگوری کلب کے سخاوت حسین جبکہ کالام سے تعلق رکھنے والے مقامی کوہ پیماؤں صدام کالامی اور احمد زیب کالامی شامل ہیں۔

دوسری جانب بیس کیمپ میں مقامی کوہ پیما ستار خان اور رحیم خان موجود ہیں، جو ریکوری آپریشن کی کوآرڈینیشن سمیت دیگر انتظامات میں معاونت کر رہے ہیں۔

پاک آرمی، ضلعی انتظامیہ سوات اور قائم کردہ کوآرڈینیشن ٹیم کی جانب سے ریکوری آپریشن کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top