پشاور: خیبرپختونخوا میں سابق صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور محکمہ اینٹی کرپشن کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے، جہاں الزامات، وضاحتوں اور قانونی معاملات نے سوشل میڈیا اور عدالتی فورمز کا رخ اختیار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن کے مشیر مصدق عباسی نے اپنے ایک بیان میں تیمور جھگڑا کی جانب سے سوشل میڈیا پر محکمانہ شکایات اجاگر کرنے پر ناراضی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جھگڑا حکومت کا حصہ ہیں اور سوال پوچھنے کا انہیں مکمل حق ہے، تاہم ایسے حساس معاملات کو پارٹی کے اندرونی فورمز پر اٹھایا جانا چاہیے تھا۔
مصدق عباسی کے مطابق تیمور سلیم جھگڑا نے شہریوں کی جانب سے اینٹی کرپشن میں دائر شکایات کی تفصیلات عدالت سے طلب کیں، جس پر محکمہ اینٹی کرپشن نے متعلقہ ریکارڈ عدالت میں جمع کروا دیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ماضی میں تیمور سلیم جھگڑا کے خلاف تین مقدمات درج کیے گئے تھے، جنہیں مکمل محکمانہ تحقیقات کے بعد میرٹ پر ختم کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا اینٹی کرپشن کی شاندار کارکردگی، مالی سال 2024-25 میں ریکارڈ ریکوری
مشیر کا کہنا تھا کہ محکمہ اینٹی کرپشن کسی دباؤ کے بغیر قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھے گا۔





