پاک فضائیہ کے ساتھ مشترکہ آپریشنل مشقوں میں اضافہ کیا جائے گا، نیول چیف

کراچی: چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے ساتھ مشترکہ آپریشنل مشقوں میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ قومی دفاع کو مزید مضبوط اور مربوط بنایا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایڈمرل نوید اشرف نے پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کراچی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے میں فراہم کی جانے والی علمی اور پیشہ ورانہ تربیت کو سراہا اور اسے جدید جنگی تقاضوں کے مطابق عسکری قیادت کی تیاری میں کلیدی قرار دیا۔

ایئر وار کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ جدید جنگ میں کامیابی کا انحصار مکمل عملی تیاری پر ہے۔ انہوں نے مشرقی محاذ پر حالیہ پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے حکمت عملی میں دوراندیشی اور ہمہ وقت تیاری کی ضرورت پر زور دیا۔

ایڈمرل نوید اشرف نے پاک فضائیہ کی جدید کاری اور ٹیکنالوجی کے انضمام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس سے خطے میں دفاعی توازن کو نئی جہت ملی ہے۔

سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ پاکستان نیوی نے سطحی، زیرِ سطح اور فضائی شعبوں میں جنگی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے، جس سے بحریہ ایک چابکدست اور طاقتور فورس بن چکی ہے۔

ایڈمرل نوید اشرف نے قومی دفاع میں تینوں مسلح افواج کے باہمی اشتراک کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے مشترکہ آپریشنز اور مشقوں کے تواتر سے انعقاد کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ایبٹ آباد میں قومی مارشل آرٹس چیمپئن شپ، واپڈا اور آرمی کی ٹیمیں سرفہرست

نیول چیف نے موجودہ تنازعات میں ٹیکنالوجی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بغیر پائلٹ فضائی نظاموں (ڈرونز) کی افادیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک اور پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری کا بھی اعلان کیا، جو ملکی سطح پر بغیر پائلٹ نظاموں کی ترقی کے لیے اہم قدم ہوگا۔ اس اقدام سے پاکستان کی دفاعی خود انحصاری اور آپریشنل برتری میں نمایاں بہتری کی امید ظاہر کی گئی ہے۔

Scroll to Top