پشاور میں بی آر ٹی کرایوں میں اضافہ آج (یکم جولائی) سے نافذ العمل ہوگیا ہے، جس کے تحت کرایوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
نئے کرایہ نظام کے مطابق 5 کلومیٹر تک کے سفر کا کرایہ 20 روپے سے بڑھا کر 30 روپے کردیا گیا ہے، جبکہ 40 کلومیٹر تک کے فاصلے کے لیے کرایہ 60 روپے سے بڑھا کر 70 روپے کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک بار ٹکٹ خریدنے کی قیمت بھی 60 روپے سے بڑھا کر 70 روپے مقرر کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا اربن موبیلٹی اتھارٹی نے 16 جون کو کرایوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس میں فی اسٹاپ کرایہ 10 روپے اضافے کا اعلان کیا گیا تھا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق یہ اضافہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
بی آر ٹی صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئے کرایوں کے مطابق ٹکٹ خریدیں تاکہ سفر میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔





