خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں سیلاب کا خطرہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں سیلاب کا خطرہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

Pakistan SCO Summit 2026

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مون سون کی جاری بارشوں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (GLOF) اور اچانک سیلاب کے شدید خطرے کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے پیش نظر متعلقہ اضلاع اور بالائی علاقوں میں سیکیورٹی اور انتظامی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جاری کردہ بیان کے مطابق گلگت بلتستان کے اضلاع غذر، ہنزہ، نگر، شگر، گلگت، روندو، دیامر، استور، سکردو، گانچھے اور خرمنگ جبکہ آزاد کشمیر کی وادی نیلم کو گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے لحاظ سے انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع بالخصوص چترال، اپر دیر، لوئر دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ اور بونیر سمیت ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی اچانک سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے خطہ پوٹھوار اور بالائی خیبر پختونخوا کے لیے بھی گرج چمک کے ساتھ شدید اور موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری اور گلیات جبکہ خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، بونیر، ملاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، صوابی، مردان اور پشاور میں 2 سے 5 ستمبر کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے۔

موسلا دھار بارش کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی راستوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

ادارے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حساس گلیشیئرز، جھیلوں، دریاؤں اور ندی نالوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائیں۔ پیشگی حفاظتی اقدامات کے تحت خطرناک علاقوں میں ضروری وسائل اور مشینری منتقل رکھی جائے اور ضرورت پڑنے پر مقامی آبادی کے محفوظ انخلا کے انتظامات مکمل کیے جائیں۔

عوام، سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیلابی نالوں، زیرِ آب سڑکوں، پلوں اور تیز آبی بہاؤ سے دور رہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور ہائیکورٹ کا اشتہاری ملزم ممتاز عرف ممتازے کے حوالے سے اہم حکم

حکام نے واضح کیا ہے کہ پانی کی سطح میں اچانک اضافہ یا پانی میں غیر معمولی مٹی شامل ہونے کی صورت میں فوری طور پر مقامی اداروں کو اطلاع دی جائے، اور بند کی گئی سڑکوں پر سفر کرنے سے مکمل پرہیز کیا جائے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top