بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 21 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 6 سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چاغی کے علاقے نوکچہ میں دہشتگردوں نے این 40 شاہراہ پر غیر قانونی ناکہ قائم کر رکھا تھا جہاں وہ مسافروں سے بھتہ وصول کر کے آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 11 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
مارے جانے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
دوسری کارروائی ضلع پشین کے علاقے زیارت کراس میں کی گئی جہاں دہشتگردوں نے کسٹمز ہاؤس پر حملے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز کی موثر جوابی کارروائی میں 10 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کسٹمز ہاؤس پر یہ حملہ دراصل دہشتگردی اور جرائم کے مابین گٹھ جوڑ کا واضح مظہر تھا جس کا مقصد کسٹمز حکام کو ان کے قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا اور علاقے میں جاری مجرمانہ سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنا تھا۔
تاہم اس فائرنگ کے تبادلے کے دوران وطن کے 6 بہادر سپوت بشمول 2 افسران اور کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کے ایک اہلکار فرض منصبی کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کر گئے۔
یہ بھی پڑھیں : ایم کیوایم کے رکن اسمبلی سید عادل عسکری کا سندھودیش کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد لانے کا مطالبہ
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں باقی دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ شاہراہوں اور مقامی آبادی کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی جبکہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے عزم استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔





