ضلع چارسدہ کے علاقے ضیاء شہید گاؤں سے تعلق رکھنے والے ایک بزرگ شہری کے ساتھ بڑی جعلسازی کا انکشاف ہوا ہے۔
متاثرہ شہری عنایت اللہ بابا کے مطابق، اسے زکوٰۃ کی رقم دینے کے بہانے نادرا دفتر لے جایا گیا، جہاں اس کی لاعلمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کے خاندانی FRC میں تین افغان شہریوں کو بطور بیٹے شامل کر دیا گیا۔
عنایت اللہ بابا کا کہنا ہے کہ جب ان کے اصل بیٹے نے ایف آر سی (Family Registration Certificate) حاصل کی تو اس پر تین جعلی افراد کو بطور بھائی دیکھ کر حیرت زدہ رہ گیا۔
متاثرہ شہری نے بتایا کہ جعلسازوں نے اسے 9 ہزار روپے بطور زکوٰۃ دے کر نادرا لے جانے کا جھانسہ دیا۔
عنایت اللہ بابا کا کہنا ہے کہ وہ ان افراد کو پہچانتے ہیں جنہوں نے نادرا عملے کی مدد سے یہ فراڈ کیا۔ انہوں نے سٹی تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا ہے اور متعلقہ اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مقدمہ درج کروانے کے باوجود پچھلے پانچ دنوں سے پولیس کی جانب سے کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا، جس پر انہوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :سوات : انجینئر امیر مقام سے منسوب ہوٹل کی حدود پر افسران میں اختلافات
متاثرہ شخص نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ اس سنگین جعلسازی میں ملوث افراد اور نادرا اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔





