بالی ووڈ کے سینئر اداکار نانا پاٹیکر کے انتقال کے بعد گوا پولیس نے غیر فطری موت کا مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 75 سالہ اداکار جمعرات کو گوا کے علاقے ڈونا پاؤلا میں واقع اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے تھے۔ ابتدائی اطلاعات میں ان کی موت کی وجہ حرکت قلب بند ہونا بتائی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق نانا پاٹیکر کو گوا کے علاقے بامبولم میں واقع منی پال ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔
ہسپتال کے شعبہ آنکولوجی کے سربراہ ڈاکٹر شیکھر سالکر نے میڈیا کو بتایا کہ یہ ایک میڈیکو لیگل کیس تھا، کیونکہ اداکار کو اسپتال پہنچنے سے قبل ہی مردہ قرار دیا جا چکا تھا۔ ایسی صورت حال میں پولیس کو اطلاع دینا قانونی تقاضا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : معروف بھارتی اداکار نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
پولیس حکام کے مطابق اداکار کی گھر میں موت اور مردہ حالت میں ہسپتال لائے جانے کے باعث غیر فطری موت کا مقدمہ درج کرنا معمول کی قانونی کارروائی ہے۔
حکام نے واضح کیا کہ مقدمے کے اندراج کا مطلب یہ نہیں کہ موت کی وجہ لازماً مشکوک ہے۔
دوسری جانب نانا پاٹیکر کی میت گوا سے پونے منتقل کی گئی، جہاں ان کے فارم ہاؤس میں آخری رسومات ادا کی گئیں۔ اس موقع پر مداحوں اور نامور شخصیات نے اداکار کو خراج عقیدت پیش کیا۔
نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار پاٹیکر نے اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ نانا صاحب جیسی شخصیات اپنے کارناموں کے باعث ہمیشہ زندہ رہتی ہیں اور انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جاتا۔
انہوں نے بتایا کہ میت کو گوا سے پونے منتقل کرنے میں وقت لگنے کے باعث خاندان نے اسی روز آخری رسومات ادا کرنے کا فیصلہ کیا۔





