لکی مروت میں امن و امان کے حوالے اعلی سطحی گرینڈ جرگہ کا انعقاد کیا گیا جس میں جی او سی میجر جنرل نیک نواز محمد بیگ، ڈی آئی جی بنوں سجاد خان، بریگیڈیئر عمران، ڈی پی او محمد جواد اسحاق اور ڈپٹی کمشنر ذیشان عبداللہ سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
جرگے میں مروت قومی جرگہ، ابا شہید خیل، موسئی خیل، بیٹنی اور رنڑا جرگہ کے مشران سمیت امن کمیٹی کے ارکان نے بھرپور شرکت کی۔ رنڑا جرگہ کے مشر حاجی ہدایات اللہ خان نے مہمان خصوصی کو روایتی پگڑی پہنائی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد مروت قومی جرگہ کے سیکریٹری مولانا سمیع اللہ مجاہد نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے آر پی او بنوں سجاد خان کی منشیات اور دیگر جرائم کے خلاف مؤثر کاروائیوں کو سراہا۔
جی او سی میجر جنرل نیک نواز محمد بیگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان صرف سیکیورٹی اداروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ریاست بندوق کے زور پر کسی کو ایجنڈا مسلط کرنے کی اجازت نہیں دے گی اور عوام کو امن و سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا:مون سون ایمرجنسی کے پیش نظر مختلف اضلاع کو امدادی سامان روانہ
مشران نے جرگے میں علاقے کے بنیادی مسائل اور تحفظات سے جی او سی کو آگاہ کیاجس پر اُنہوں نے ان کے حل کی مکمل یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ تمام نکات متعلقہ حکام کے نوٹس میں لائے جائیں گے۔





