پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان میں تعینات ملائیشیا کے ڈپٹی ہیڈ مشن محمد سیافک فردوس نے ملاقات کی۔
گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات، اسٹریٹجک شراکت داری اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے ملائیشیا کے ڈپٹی ہیڈ مشن کو خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ اپنے قدرتی وسائل، سیاحت، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں غیر معمولی سرمایہ کاری کی صلاحیت رکھتا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے ملائیشیا کی کمپنیوں اور کاروباری برادری کو خیبرپختونخوا کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک سیاحت، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں بھی باہمی تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔
ملاقات میں ملائیشیا کے ڈپٹی ہیڈ مشن محمد سیافک فردوس نے خیبرپختونخوا کی قدرتی خوبصورتی اور یہاں کے عوام کی مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور یہاں کے عوام محبت کرنے والے ہیں۔
یہ بھی پڑھ لیں : پشاور:ملک سعیدپولیس لائن دھماکہ کیس میں گواہان طلب،سماعت 12 اگست تک ملتوی
انہوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر آمادگی ظاہر کی۔





