عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے مولانا خانزیب کے بہیمانہ قتل پر خیبرپختونخوا اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرادیا ہے۔
اے این پی کے رکن صوبائی اسمبلی ارباب عثمان نے نوٹس جمع کروایا جس میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ نہ صرف ایک سیاسی رہنما بلکہ امن کے علمبردار کی المناک شہادت ہے بلکہ یہ واقعہ حکومت کی ناکامی کا واضح ثبوت بھی ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 10 جولائی 2025 کو باجوڑ کے علاقے شندگی موڑ پر دن دیہاڑے مولانا خانزیب کو سفاکی سے نشانہ بنا کر شہید کیا گیا،واقعے کے وقت جائے وقوعہ کے قریب موجود ایک پیٹرول پمپ سے سی سی ٹی وی کیمرہ سسٹم ہٹایا جا چکا تھا، جو واقعے میں سازش کا پہلو ظاہر کرتا ہے۔
توجہ دلاؤ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ صرف ایک فرد پر حملہ نہیں، بلکہ علاقے میں امن، جمہوری سیاست اور ریاستی رٹ پر حملہ ہے، ایسے دلخراش واقعات ریاستی اداروں کی ذمہ داریوں پر سوالیہ نشان ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :شمالی وزیرستان،نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قبائلی رہنما ملک محمد رحمان داوڑ سمیت دو افراد جاں بحق
نوٹس میں اے این پی نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف، فوری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر مثالی سزا دی جائے۔





