اے ٹی سی لاہورکا فیصلہ،یاسمین راشد،میاں محمودالرشیداوراعجازچوہدری کو دس دس سال قید کی سزا

لاہور: شیرپاؤ پل جلاؤ گھیراؤ کیس میں انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی۔

سزا پانے والوں میں علی حسن، افضال عظیم پاہٹ، خالد قیوم اور ریاض حسین بھی شامل ہیں۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جیل میں مقدمے کی سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ سنایاجس کے تحت سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، زباس مان، افتخار احمد، رانا تنویر، اور حمزہ عظیم سمیت چھ ملزمان کو بری کر دیا گیا۔

مقدمے کی سماعت کے دوران 61 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے، یہ مقدمہ تھانہ سرور روڈ میں دہشتگردی اور دیگر سنگین دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔

عدالت نے یہ فیصلہ جیل ٹرائل کی صورت میں محفوظ کیا تھا جو آج سنا دیا گیا۔

واضح رہے کہ آج ہی انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا نے میانوالی میں 9 مئی 2023 کے احتجاجی کیس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بچھر سمیت دیگر کو 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

Scroll to Top