عمران خان کی بیٹوں قاسم اور سلیمان سے ٹیلی فون پر بات کرادی گئی

سلیمان اور قاسم کی وطن واپسی متوقع، علیمہ خان نے خبروں کی تصدیق کر دی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے بیٹے سلمان اور قاسم جلد پاکستان پہنچنے والے ہیں۔

ان کی آمد کا مقصد اڈیالہ جیل میں قید اپنے والد سے ملاقات کرنا ہے، جس کے لیے قانونی طریقہ کار اختیار کیا جا رہا ہے۔ اس بات کی تصدیق پی ٹی آئی رہنماؤں اور عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کر دی ہے۔

نجی ٹی وی چینل (آج نیوز) کے مطابق، علیمہ خان، بیرسٹر علی ظفر اور بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے جمعرات کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں بیٹوں کی اپنے والد سے ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جا رہی ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کے بیٹے والد سے ملاقات کے لیے پرعزم ہیں، اور ان کا پاکستان آنا ان کا ذاتی و آئینی حق ہے۔ ’’ہم چاہتے ہیں کہ یہ ملاقات قانونی رکاوٹ کے بغیر ہو، تاکہ بعد میں کوئی یہ نہ کہہ سکے کہ آپ کے پاس ملاقات کا اجازت نامہ نہیں تھا‘‘، انہوں نے مزید کہا کہ ’’سلمان اور قاسم جب تک چاہیں، پاکستان میں قیام کر سکتے ہیں۔‘‘

اس موقع پر بیرسٹر علی ظفر اور سلمان اکرم راجہ نے عدالتی شفافیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے دوران وکلاء اور فیملی کو عدالت میں شامل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی، جو کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا’’ہم صبح دس بجے سے جیل کے باہر موجود ہیں، لیکن ہمیں اندر جانے کی اجازت نہیں ملی۔ آئین کہتا ہے کہ ٹرائل اوپن ہونا چاہیے، لیکن یہاں بند کمرے میں سماعت ہو رہی ہے۔‘‘

علیمہ خان نے توشہ خانہ ٹو کیس کو ’’ناجائز‘‘قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں علم نہیں کہ اندر کیا ہو رہا ہے، لیکن وہ اور پارٹی رہنما اپنے بھائی عمران خان کے ساتھ آخری وقت تک کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قسم کی دباؤ یا رکاوٹ سے وہ خوفزدہ نہیں ہوں گے۔

Scroll to Top