یومِ آزادی 2025 کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے نیا ملی نغمہ ’’دل سے پاکستان‘‘ جاری کر دیا، جو معرکۂ حق میں عظیم فتح کی یادگار اور شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
یہ نغمہ جذبۂ حب الوطنی، قومی خودمختاری اور وطن کی سلامتی کے لیے ہر قسم کی قربانی کے عہد کی ترجمانی کرتا ہے۔ نغمے میں بھارت کے خلاف تاریخی معرکۂ حق میں کامیابی کو بھرپور جوش و خروش کے ساتھ اجاگر کیا گیا ہے، جب کہ وطن کے لیے جان دینے والے شہداء کو سنہری الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
’’دل سے پاکستان‘‘ نہ صرف ایک ملی نغمہ ہے بلکہ قومی یکجہتی، استحکام اور ترقی کے عہد کی تجدید بھی ہے۔ نغمے کے ذریعے مادرِ وطن کے محافظوںافواج پاکستان کے کردار کو سراہا گیا ہے، جنہوں نے ہمیشہ ملک کی بقا، سلامتی اور وقار کی خاطر ہر میدان میں قربانی دی۔
یہ نغمہ عوام میں حب الوطنی کا جذبہ ابھارنے، نوجوان نسل کو وطن سے محبت کا پیغام دینے، اور قومی اتحاد کی فضا کو مزید مضبوط کرنے کی ایک دلکش اور پراثر کاوش ہے۔





