خیبرپختونخوا حکومت نے وفاقی ہدایات کی روشنی میں پی او آر کارڈ رکھنے والے افغان شہریوں کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
نجی ٹی وی چینل (ہم نیوز)کے مطابق صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، ایسے افغان شہری جن کے پاسپورٹ اور ویزا موجود نہیں، ان کا قیام 30 جون 2025 کے بعد غیر قانونی تصور کیا جائے گا۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ پی او آر کارڈز کی مدت 30 جون کو ختم ہو چکی ہے، جس کے بعد ان کارڈز کی قانونی حیثیت باقی نہیں رہی۔ حکومت نے ان افغان شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پشاور اور لنڈی کوتل میں قائم ٹرانزٹ پوائنٹس پر پہنچ کر اپنی واپسی کا عمل مکمل کریں۔
صوبائی محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ 31 جولائی 2025 کو وفاقی حکومت کی ہدایات کے تحت کیا گیا تھا، جس کا مقصد ملک میں غیر قانونی تارکین وطن کی موجودگی کو قانون کے دائرے میں لانا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واپسی کے اس عمل کو مرحلہ وار اور انسانی ہمدردی کے تحت انجام دیا جا رہا ہے، تاکہ متاثرہ افراد کو سہولت اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بڑی تعداد میں افغان پناہ گزین گزشتہ کئی دہائیوں سے مقیم ہیں، جن میں سے بعض نے پی او آر کارڈ کے تحت عارضی پناہ حاصل کر رکھی تھی۔ تاہم اب ان کارڈز کی مدت مکمل ہونے کے بعد حکومت نے ان کی وطن واپسی کے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔





