پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی اور فریٹ مارجن میں اضافہ، ٹیکسز 100 روپے فی لیٹر تک جا پہنچے

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی اور فریٹ مارجن میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں پیٹرول اور ڈیزل پر عائد ٹیکسز کی مجموعی مقدار تقریباً 100 روپے فی لیٹر تک جا پہنچی ہے۔

نجی ٹی وی چینل(سما نیوز)کے مطابق پیٹرول پر لیوی 2 روپے 50 پیسے بڑھا کر 78 روپے 2 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے، جبکہ ڈیزل پر لیوی 74 روپے 51 پیسے سے بڑھا کر 77 روپے 1 پیسہ فی لیٹر کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ڈیزل پر فریٹ مارجن بھی 20 پیسے فی لیٹر بڑھا دیا گیا ہے، جس کے بعد یہ 6 روپے 24 پیسے فی لیٹر ہو گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل پر کلائمیٹ سپورٹ لیوی بدستور 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر برقرار ہے، جبکہ سیلز ٹیکس کی شرح صفر فیصد ہی رکھی گئی ہے۔

پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 8 روپے 64 پیسے جبکہ ڈسٹری بیوٹرز مارجن 7 روپے 87 پیسے فی لیٹر ہے، جس کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا براہ راست اثر صارفین پر پڑے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیکسوں اور لیوی میں یہ اضافہ عوام کے لیے مہنگائی کے مزید طوفان کا پیش خیمہ بن سکتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک میں مہنگائی پہلے ہی بلند ترین سطح پر ہے۔

Scroll to Top