ترکی نے دفاعی ٹیکنالوجی میں ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے دنیا کا پہلا مسلح روبوٹ ’کوز‘ متعارف کرا دیا ہے۔
یہ روبوٹ نہ صرف لیزر گائیڈڈ میزائلوں سے لیس ہے بلکہ خودکار اور ریموٹ کنٹرول دونوں طریقوں سے کام کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
جدید روبوٹک نظام ترک دفاعی کمپنی روکیٹسَن نے تیار کیا ہے اور اسے حال ہی میں استنبول میں منعقدہ ایک بین الاقوامی دفاعی نمائش میں پہلی بار پیش کیا گیا جس نے دنیا بھر کے ماہرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔
’کوز‘ کو خاص طور پر مشکل اور ناہموار علاقوں میں مؤثر انداز میں چلنے کے لیے تیار کیا گیا ہے جس کی بدولت یہ خفیہ مشنوں اور درست نشانے پر حملے کرنے کے لیے نہایت مؤثر ہتھیار بن چکا ہے۔
’کوز‘ چار لیزر گائیڈڈ اینٹی شپ میزائلوں سے لیس ہے، اس میں ہدف کی شناخت کے لیے جدید الیکٹرو آپٹیکل نظام موجود ہے، یہ روبوٹ ریموٹ کنٹرول اور مکمل خودکار موڈ کے درمیان بآسانی منتقل ہو سکتا ہے۔
’کوز‘ ربورٹ بغیر انسانی مداخلت کے درست حملے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس سے فوجی اہلکاروں کو جانی خطرات سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا نے فلسطین تسلیم کرنے والے یورپی ممالک کے اقدامات کو غیر متعلقہ قرار دے دیا
ترکی کے دفاعی ماہر ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل جہاد یایجی نے ’کوز‘ کو جنگی میدان میں گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ روبوٹک نظام مستقبل کی جنگی حکمتِ عملیوں میں انسانی جانی نقصان کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ ’کوز‘ کی آمد سے نہ صرف جنگی میدان میں توازن بدلے گا بلکہ یہ ایجاد ترکی کو عالمی سطح پر جدید دفاعی ٹیکنالوجی کا رہنما ملک بھی بنا دے گی۔





