وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ہم نے حتمی فیصلہ کرلیا ہے اور اس مقصد کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔
وزیراعلی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں امن و امان کے حوالے سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس اس جانب پہلا اہم قدم تھا اور ہم اس کانفرنس میں کیے گئے فیصلوں کو عملی شکل دے رہے ہیں۔
امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ ضلعی سطح پر قبائلی جرگے منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ عوامی مشاورت کو شامل کیا جا سکے جبکہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں بھی قبائلی عمائدین کے ساتھ مشاورتی جرگے ہو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ تمام مشاورت مکمل ہونے کے بعد ایک گرینڈ جرگہ تشکیل دیا جائے گا جو پائیدار حل کی طرف پیش رفت کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں بدامنی سب سے بڑا مسئلہ بن چکی ہے جس سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی و سماجی طبقات کو متحد ہونا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد جانے کی کوئی کال نہیں، احتجاج گلی کوچوں تک محدود رہے گا، سلمان اکرم راجہ
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اے پی سی میں شامل نہ ہونے والی سیاسی جماعتوں کو ایک مرتبہ پھر شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لیے اور بھی مواقع ملیں گے لیکن موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ عوامی مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے اور ہر کسی کو اپنا سنجیدہ کردار ادا کرنا چاہیے۔





