اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہوا اور موسلا دھار بارش، کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے

جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ گرج چمک اور موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد کے جی سکس، ایف سکس، جی سیون، ایف سیون، آئی ایٹ، ایف ٹین، بنی گالہ، راول چوک اور بہارہ کہو میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی جس نے موسم کو خوشگوار اور گرمی کو کم کر دیا۔

بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی آئی اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا، تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اسی طرح راولپنڈی کے فیض آباد، ڈبل روڈ، شمس آباد، سکس روڈ، کھنہ پل اور گردونواح میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کا خاص خیال رکھیں تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Scroll to Top