خیبرپختونخوا میں آن لائن ڈومیسائل سروس معطل، طلبہ اور والدین مشکلات کا شکار

پشاور(الف خان شیرپاؤ)خیبرپختونخوا بھر میں آن لائن ڈومیسائل سسٹم (ESMS:Electronic Service Management System) گزشتہ روز سے بند پڑا ہے جس کی وجہ سے ہزاروں طلبہ اور والدین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اس نظام کی معطلی کے باعث صوبے کے تمام اضلاع میں ڈومیسائل کا اجرا رک چکا ہے،جبکہ دفاتر کے باہر روزانہ کی بنیاد پر عوام کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ESMS سرور بیٹھ جانے کے باعث نہ صرف درخواستیں قبول کی جا رہی ہیں اور نہ ہی جاری کردہ ڈومیسائلز کی تصدیق ہو پا رہی ہے۔

سسٹم کی خرابی کی وجہ سے شہریوں کو بار بار دفاتر کے چکر کاٹنے پڑ رہے ہیں، لیکن حکومتی سطح پر تاحال کوئی باقاعدہ اعلان یا متبادل بندوبست سامنے نہیں آیا۔

متاثرہ طلبہ اور والدین کا کہنا ہے کہ ڈومیسائل کے بغیر داخلے کی درخواستیں جمع نہیں ہو رہیں اور اگر یہ معاملہ مزید کچھ دن جاری رہا تو ہزاروں طلبہ کا قیمتی تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔

کئی یونیورسٹیوں اور کالجز میں ڈومیسائل کی لازمی شرط ہے جس کے بغیر درخواستیں مسترد کی جا رہی ہیں۔

شہریوں نے الزام لگایا ہے کہ متعلقہ دفاتر میں نہ تو عملہ رہنمائی کر رہا ہے اور نہ ہی کوئی چوکیدار یا اہلکار موجود ہوتا ہے جو سائلین کی بات سنے۔

کئی مقامات پر والدین اور طلبہ کو دفاتر کے باہر دھوپ میں گھنٹوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے، لیکن پھر بھی انہیں یہ کہہ کر واپس بھیج دیا جاتا ہے کہ “سسٹم ڈاؤن ہے”۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور ہائیکورٹ،شبلی فراز اور عمر ایوب کی نااہلی کے خلاف درخواستوں پر سماعت

شہریوں اور طلبہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ESMS سسٹم کی فوری بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور عارضی طور پر (Manual) نظام متعارف کرایا جائے تاکہ طلبہ کا تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔

Scroll to Top