پشاور(محمد اعجا زآفریدی)خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورتحال اور دہشت گردی کے بڑھتے واقعات سے قومی نوعیت کے بین الاقوامی معاہدے بھی خطرے میں پڑ گئے۔
ضلع خیبر میں دہشت گردوں کی جانب سے سنٹرل ایشیاء اینڈ ساؤتھ ایشیاء پاور یعنی سی اے ایس اے پراجیکٹ کے پانچ سو کے وی ٹرانسمیشن لائن کو نشانہ بنانے پر وفاق نے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ یہ ٹرانسمیشن لائن کرعزستان، تاجکستان،افغانستان اور پاکستان کا مشترکہ منصوبہ ہے جو عالمی اور اسلامی بینک کی تعاون سے جاری ہے۔اس طرح کے واقعات سے علاقائی تعاون اور اس طر ح کے منصوبوں کے لئے کئے گئے معاہدے بھی خطرے میں پڑ گئے ہیں۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو ارسال کئے گئے مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ اس منصوبے پر حملہ نہ صرف قومی سلامتی پر حملہ ہے بلکہ یہ علاقائی تعاون اور دو طرفہ معاہدوں کے لئے بھی خطرناک ہے ، ایسے واقعات کو روکنے کےلئے خیبرپختونخو ا حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بروقت اور موثر کارروائی کرے ۔
وزارت توانائی پاور ڈویژن کی جانب سے چیف سیکرٹری آفس خیبرپختونخوا کو جاری مراسلے کے مطابق 26 جولائی 2025 کو تخریب کاروں نے دھماکہ خیز مواد کا استعمال کرتے ہوئے خیبرایجنسی کے تحصیل باڑہ میں پانچ سو کے وی ٹرانسمیشن لائن ٹاور شدید نقصان پہنچایا ہے جس سے ٹاور کی ساختی سالمیت متاثر ہوئی اور گرنے کا خطرہ پیدا ہو گیا۔
سی اے ایس اے پاور پراجیکٹ وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا کے درمیان بجلی کے تبادلے کے لیے بنایا گیا ہے۔ کرغزستان، تاجکستان، افغانستان اور پاکستان کی حکومتوں کے مشترکہ تعاون اور عالمی بینک و اسلامی ترقیاتی بینک کی مالی معاونت سے یہ منصوبہ جاری ہے جس کا مقصد وسطی ایشیا سے اضافی بجلی پاکستان میں منتقل کرنا ہے۔
یہ ٹرانسمیشن لائن مئی سے ستمبر کے دوران بجلی فراہم کرتی ہے اور اس کی کل لمبائی 113 کلومیٹر ہے۔ وزارت توانائی کے مطابق نیشنل گرڈ کمپنی نے فوری طور پر مرمتی کاموں کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں جبکہ واقعے کی اطلاع مقامی انتظامیہ اور پولیس کو دے دی گئی ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس منصوبے پر حملہ نہ صرف پاکستان کی قومی توانائی سلامتی بلکہ علاقائی تعاون اور دوطرفہ معاہدوں کے لیے بھی خطرناک ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایسے واقعات کو دوبارہ روکنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری اور مؤثر کارروائی کریں۔
متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : ایمل ولی خان سے قومی امن جرگہ کی صوبائی کمیٹی کی ملاقات، اسلام آباد مارچ میں شمولیت کی دعوت دیدی
وفاق کی جانب سے مراسلے کے بعد چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے معاملے کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کو ارسال کردیاہے اوران کو فوری طور پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔





