کالام بحرین روڈ کی بروقت بحالی، سیاحتی مقام پر آمدورفت معمول پر آگئی

سوات (شہزاد نوید ) : کالام بحرین روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہونے والا راستہ اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (USDA) کی بھاری مشینری کے ذریعے صرف دو گھنٹوں میں مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔

سوات کے سیاحتی مقام اسریت پر لینڈ سلائیڈنگ کے سبب مین کالام مینگورہ روڈ بند ہو گیا تھا، جس سے مقامی آبادی اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے USDA کے ڈائریکٹر جنرل شوزب عباس نے فوری طور پر ہیوی مشینری روانہ کرنے کے احکامات جاری کیے۔

یو ایس ڈی اے کی مشینری نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے دو گھنٹوں کے اندر روڈ سے بڑے پتھر اور ملبہ ہٹا کر اسے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے محفوظ اور قابلِ استعمال بنا دیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر، اسسٹنٹ کمشنر بحرین جنید خان اور USDA کے دیگر افسران بھی موجود تھے اور بحالی کے عمل کی نگرانی کی۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر زمرد کی کان میں ریسکیو کا آپریشن فیصلہ کن مرحلے میں داخل

اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان سعید الرحمان نے کہا کہ ادارہ سیاحت کے فروغ اور عوامی سہولت کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے اور روڈ کی بروقت بحالی USDA اور ضلعی انتظامیہ کے مؤثر رابطے اور ٹیم ورک کا مظہر ہے۔

ترجمان کے مطابق اب سیاح اور مقامی افراد کالام بحرین روڈ پر بلا روک ٹوک سفر کر سکتے ہیں۔

Scroll to Top