خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع بنوں میں دہشتگردوں نے ایف سی کی تختی خیل پوسٹ پر ڈرون کوآڈ کاپٹر حملہ کیا جس کے نتیجے میں سپاہی میناباچا شہید اورتین اہلکار زخمی ہو گئے۔
زخمی اہلکاروں میں لانس نائیک سیداللہ، سپاہی نورمحمد اور سپاہی نورالدین شامل ہیں جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے تختی خیل پوسٹ کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اب تک اس پوسٹ پر 12 سے زائد حملے جبکہ 5 سے زیادہ ڈرون حملے ریکارڈ ہو چکے ہیں۔
حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب بنوں کے حساس علاقے ہوید میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز، پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بنوں، ہوید میں کرفیو نافذ، سیکیورٹی فورسز کا ممکنہ دہشتگردوں کے خلاف کریک ڈاؤن
ممکنہ خطرات کے پیش نظر بنوں کے حساس علاقے ہوید میں تا حکمِ ثانی کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے سے منسلک تمام آمد و رفت کے راستے مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔





