ایک لاکھ 31 ہزار ملازمتیں، پاکستانی نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری

اسلام آباد: بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت بیرون ملک 1 لاکھ 31 ہزار 817 ملازمتوں کے مواقع دستیاب ہیں جب کہ اب تک 2 لاکھ 75 ہزار 669 مواقع میں سے 1 لاکھ 43 ہزار 854 ملازمتوں پر بھرتی مکمل کی جا چکی ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک سرکاری ذریعے نے بتایا کہ صرف رواں سال کی پہلی ششماہی یعنی یکم جنوری سے 30 جون 2025 کے دوران تقریباً 3 لاکھ 37 ہزار پاکستانیوں نے بیرون ملک روزگار کے مواقع حاصل کیے۔

ملک کی بہتر معاشی پالیسیوں اور افرادی قوت کی تیاری کے لیے کیے گئے اقدامات کے نتیجے میں بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ہنر مند اور غیر ہنر مند افراد کے لیے خلیجی ممالک سمیت مختلف خطوں میں روزگار کے نئے راستے کھل رہے ہیں، جس سے نہ صرف ان افراد کی زندگیوں میں بہتری آ رہی ہے بلکہ ملک کو بھی قیمتی زرمبادلہ حاصل ہو رہا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ 1971 میں بیورو آف امیگریشن کے قیام سے اب تک 1 کروڑ سے زائد پاکستانیوں کو بیرون ملک ملازمتیں فراہم کی جا چکی ہیں۔ یہ تمام افراد بیورو میں باقاعدہ رجسٹرڈ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 2015 میں سب سے زیادہ پاکستانی شہری، یعنی 9 لاکھ 46 ہزار 571 افراد، روزگار کی غرض سے بیرون ملک روانہ ہوئے، جو کہ کسی بھی ایک سال میں سب سے بڑی تعداد تھی۔

یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان لوئر کے مختلف علاقوں میں 10 اگست کو کرفیو نافذ، محکمہ داخلہ کا حکم نامہ جاری

بیورو کے مطابق بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانی ورکرز ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، جو کثیر زرمبادلہ پاکستان بھیج کر قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

Scroll to Top