امن و روزگار کیلئے قبائلی جرگے کی خیبر پختونخوا حکومت کو تجاویز،افغان سرحد کھولنے کی سفارش

امن و روزگار کیلئے قبائلی جرگے کی خیبر پختونخوا حکومت کو تجاویز،افغان سرحد کھولنے کی سفارش

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت پشاور میں قبائلی عمائدین پر مشتمل ایک اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں خطے میں امن و استحکام اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

جرگے میں شامل قبائلی مشران نے واضح کیا کہ وہ خطے میں امن کے قیام کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جرگے نے سفارش کی کہ افغانستان کے ساتھ تجارتی راستے کھولے جائیں تاکہ قبائلی اضلاع کے عوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں اور معیشت کو فروغ ملے۔

علی امین گنڈاپور نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قبائلی عوام کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کا قیام تمام فریقین کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

جرگے نے مزید تجویز دی کہ افغانستان کے ساتھ بامعنی مذاکرات کے لیے ایک بااختیار جرگہ تشکیل دیا جائے، جس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندے، سیکیورٹی ادارے اور قبائلی مشران شامل ہوں۔ اس جرگے کا مقصد سرحدی تجارت کے فروغ اور امن کے لیے اعتماد سازی کو یقینی بنانا ہوگا۔

یہ جرگہ ایسے وقت پر منعقد ہوا ہے جب خطے میں امن و امان کی صورتحال اور معاشی دباؤ عوام کو درپیش بڑے چیلنجز بنے ہوئے ہیں۔ قبائلی عمائدین کی تجاویز کو خطے کے عوام کی آواز قرار دیتے ہوئے حکومتی سطح پر ان پر غور کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

Scroll to Top