خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں ایک بار پھر شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
ندی نالے بپھر چکے ہیں اور دریائے سوات سمیت متعدد مقامات پر پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے
نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے سکولوں کو خالی کرا لیا گیا ہے، تحصیل بریکوٹ کے علاقے ڈڈھارہ میں دریائے سوات کے پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافے کے باعث 6 افراد دریا کے بیچ پھنس گئے۔
ریسکیو 1122 سوات کی واٹر ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ تمام افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رفیع اللہ مروت کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122 ہر ہنگامی صورتحال میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق دریائے سوات میں منڈا ہیڈورکس پر پانی کا بہاؤ 76,250 کیوسک تک پہنچ گیا ہے جسے درمیانے درجے کا سیلاب قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: باجوڑ میں بادل پھٹنے اور آسمانی بجلی گرنے سے 12 افراد جان کی بازی ہار گئے
اسسٹنٹ کمشنر تنگی وقاص الرحمان نے دریائے سوات کے کنارے مقیم افراد کو خبردار کیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور دریا کے قریب جانے سے گریز کریں۔





