وزیراعظم سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں، عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سیلاب کی تباہ کن صورتحال سے مکمل آگاہ ہیں اور آزاد جموں و کشمیر اور خیبر پختونخوا میں امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے (نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کو ہدایت کی ہے کہ وہ خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کی حکومتوں سے مسلسل رابطے میں رہیں اور امدادی سرگرمیوں کو تیز کریں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں ایک خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے جو این ڈی ایم اے کے ساتھ 24 گھنٹے رابطے میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے دوران تین مرتبہ این ڈی ایم اے کا دورہ کیا اور ذاتی طور پر ریسکیو اور ریلیف اقدامات کا جائزہ لیا۔

عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ حکومت کا مکمل فوکس ریلیف اور ریسکیو آپریشنز پر ہے اور خیبر پختونخوا میں تمام متعلقہ ادارے امدادی کارروائیوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں تقریباً چالیس افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پنجاب حکومت کے تمام وسائل خیبرپختونخوا کی مدد کے لیے تیار ہیں، مریم نواز

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ این ڈی ایم اے کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے اور صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔

این ڈی ایم اے کا پیشگی آگاہی نظام بھی تمام صوبائی حکومتوں کو باقاعدگی سے معلومات فراہم کر رہا ہے تاکہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔

Scroll to Top