اسلام آباد: وفاقی حکومت نے متعدد اعلیٰ افسران کے تقرر و تبادلے کر دیے ہیں جبکہ وزیراعظم کی منظوری سے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے چیئرپرسن اور ممبر کی تقرری بھی عمل میں لائی گئی ہے۔
گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر ڈاکٹر حامد عتیق سرور کو ایف بی آر ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں ممبر اسٹریٹجک ٹرانسفارمیشن تعینات کر دیا گیا ہے۔ ان کی تقرری ایک سال کے لیے کنٹریکٹ پر کی گئی ہے۔
چیف، قومی کمیشن برائے وقارِ نسواں محمد اسماعیل اقبال کا تبادلہ کر کے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 21 کے افسر احسن علی منگی، جو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں OSD تھے، کو ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (NIPA) مقرر کر دیا گیا ہے۔
کنٹرولر ملٹری اکاؤنٹس (ڈی پی) راولپنڈی عمر علی شاہ بنوری کا تبادلہ کر کے انہیں چیف انٹرنل آڈیٹر سینٹ سیکریٹریٹ تعینات کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سیکشن افسر شیر عالم کا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے دفاع ڈویژن کیا گیا تبادلہ منسوخ کر دیا گیا ہے، جبکہ سیکشن افسر ساجد الحسن کو سول سرونٹس ایکٹ 1973 کے سیکشن 10 کے تحت ڈپٹی سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تعینات کیا گیا ہے۔
وزیراعظم کی منظوری سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے چیئرپرسن اور ممبر کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ ڈاکٹر سہیل منیر کو چیئرپرسن اور محمد جے سیئر کو ممبر پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی تعینات کیا گیا ہے۔ دونوں تقرریاں پانچ سالہ کنٹریکٹ کی بنیاد پر کی گئی ہیں۔





