سپریم کورٹ! 9 مئی کے 8 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

سپریم کورٹ آف پاکستان نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات سے متعلق 8 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے فوری رہائی کا حکم جاری کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز)کے مطابق یہ اہم فیصلہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے سنایا، جس میں جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس اطہر من اللہ بھی شامل تھے۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سماعت کے بعد زبانی فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو ان مقدمات میں ضمانت پر رہا کیا جائے۔

یاد رہے کہ اس مقدمے کی سماعت گزشتہ روز اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث مؤخر کر دی گئی تھی، جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت آج دوبارہ مقرر کی تھی۔عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے کو سیاسی حلقوں میں اہم پیشرفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب عمران خان اور پی ٹی آئی کو مختلف قانونی چیلنجز کا سامنا ہے۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ نہ صرف عمران خان کے لیے عارضی ریلیف ہے بلکہ اس کے اثرات ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور مستقبل کے انتخابات پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔

Scroll to Top