اسلام آباد:پختون ڈیجیٹل ) اسپارکو نے ربیع الاول 1447 ہجری کے چاند کی متوقع رویت سے متعلق پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
ترجمان اسپارکو کے مطابق چاند 23 اگست 2025 کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح 11:06 بجے پیدا ہونے کی توقع ہے۔
فلکیاتی اعداد و شمار کے مطابق 24 اگست 2025 کو غروب آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریباً 32 گھنٹے 13 منٹ ہو گی، جبکہ ملک کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب قمر کے درمیان وقت کا دورانیہ 45 منٹ ہوگا، جو چاند دیکھنے کے لیے سازگار سمجھا جاتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ان سائنسی شواہد کی روشنی میں 24 اگست کی شام چاند نظر آنے کے قوی امکانات موجود ہیں، اور اسی بنیاد پر یکم ربیع الاول 25 اگست 2025 (بروز پیر) کو ہونے کا امکان ہے۔
اگر ربیع الاول کا آغاز 25 اگست کو ہوتا ہے تو 12 ربیع الاول 5 ستمبر 2025 بروز جمعہ کو منائی جائے گی۔
تاہم ترجمان نے واضح کیا کہ چاند کی رویت سے متعلق حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔





